کوئٹہ: (دنیا نیوز) پاک ایران سرحد پر تجارتی سرگرمیاں نویں روز بھی معطل رہیں، تفتان سرحد کے قریب قرنطینہ سینٹر میں زائرین کی تعداد 2 ہزار سے زائد ہوگئی۔
ایران میں کرونا وائرس کے خطرے پیش نظر پاک ایران تفتان سرحد گزشتہ 9 روز سے بند ہے، دوطرفہ تجارت مکمل طور معطل ہے جبکہ ایران سے پاکستانی باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر تفتان کے مطابق ایران سے مزید 1034 زائرین پاکستان میں داخل ہوگئے جن کی امیگریشن کا عمل مکمل کرنے کے بعد ان تمام زائرین کو پاکستان ہاؤس قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں مقیم زائرین کی تعداد 2000 سے زائد ہوگئی ہے، ان افراد کو پی ڈی ایم اے کی جانب سے ماسک، خوراک، کمبل، خیمے فراہم کر دئیے گئے۔
زائرین کی سکریننگ ہر 48 گھنٹے بعد کی جا رہی ہے، پاکستان میں موجود ایرانی شہریوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے، آج مزید ایک ہزار افراد پاکستان میں داخل ہوں گے، زائرین میں اندرون ملک سے تعلق رکھنے والے افراد، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔