لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کھائی میں گر رہا ہے لیکن حکومت انتقام میں اندھی ہو چکی۔ ایک شخص کورونا وائرس کے بجائے اپوزیشن اور میڈیا سے لڑنے میں مصروف ہے۔
شہباز شریف کا آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے حکومتی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ سندھ اور دیگر صوبوں کی ضروریات کے لئے چارٹر آف ڈیمانڈ وفاقی حکومت کو پیش کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس سے قوم کی آگاہی کے لئے میڈیا پر قومی مہم چلانے، کورونا کی ٹیسٹنگ، سکریننگ اور علاج معالجے کے لئے جامع تجاویز دی گئی تھیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہماری مخلصانہ اور مشاورت کے نتیجے میں تیار ہونے والی تجاویز پر حکومت عمل کرتی تو صورتحال کو کنٹرول کیا جا سکتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت انتقام میں اندھی، ملک کھائی میں جا رہا ہے۔ ایک شخص اپنے سیاسی انتقام میں کورونا کے بجائے اپوزیشن اور میڈیا سے لڑنے میں مصروف ہے۔