اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے حوالے سے وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں کورونا کے حوالے سے نیشنل ڈیٹا بیس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر صحت، وزیر بلدیات، چیف سیکریٹری، آئی جی سندھ اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ڈیٹا بیس قومی، صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر منسلک ہوگا، ڈیٹا بیس کی رسائی قومی، صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر ہوگی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا 4 ہزار 955 تبلیغی جماعت والوں کے ٹیسٹ کئے، کل خیبر پختونخواہ سے 3 تبلیغی ٹنڈو محمد خان واپس آئے، تینوں کے پاس کورونا وائرس سے کلیئر سرٹیفکیٹ تھے، جب ان کو سندھ میں ٹیسٹ کیا تو تینوں مثبت آئے، ایک ایسا نظام بنایا جائے کہ سرٹیفکیٹ آن لائن اور درست ہو۔