راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے اقتصادی، صحت اور سماجی اثرات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ پاک فوج قومی اداروں کیساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ کیا جہاں لیفٹنینٹ جنرل حمود الزمان نے ان کا استقبال کیا۔
آرمی چیف کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں ڈی جی آپریشنز اینڈ پلاننگ میجر جنرل آصف محمود نے قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں اور عملدرآمد سے متعلق بریفنگ دی اور وبا کے اثرات پر قابو کیلئے سول انتظامیہ کیساتھ تعاون سے آگاہ کیا گیا جبکہ ٹیسٹ، ٹریس اور قرنطینہ کیلئے قومی حکمت عملی سے متعلق بتایا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج تمام قومی اداروں کے ساتھ مل کر عوام کی سہولت کے لیے تعاون جاری رکھے گی۔
آرمی چیف نے کورونا وبا سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل اور کم وقت کے باوجود اس قومی ادارے کی کارکردگی بہترین رہی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ سول، ملٹری مربوط روابط کیلئے این سی او سی کا کردار لائق تحسین ہے۔ تاہم وبا کے اقتصادی، صحت اور سماجی اثرات کا جائزہ ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج قومی اداروں کیساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ رمضان المبارک کے اہم موقع پر بھی کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کے بہترین استعمال سے معاشی اور سماجی مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ صحت کی مشکلات اور کورونا پھیلاؤ کے رسک کا مسلسل جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ پاک فوج مشکل کی گھڑی خاص طور پررمضان المبارک میں عوام کو سہولت کے لیے کام کرتی رہے گی۔