احتیاط نہ برتی گئی تو عیدالفطر پر مزید بندشیں لگانی پڑ سکتی ہیں، وفاقی وزیر اسد عمر

Last Updated On 24 April,2020 06:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ مئی میں وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پا لیا تو عید کے بعد صورتحال بہت بہتر ہوگی لیکن اگر احتیاط نہ برتی گئی تو عیدالفطر پر مزید بندشیں لگانی پڑ سکتی ہیں۔

یہ بات انہوں نے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ مئی کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق فیصلہ کن مہینہ ہوگا۔ بیماری کے پھیلاؤ کے ساتھ ہمیں صحت نظام کی صلاحیت بھی بڑھانا پڑے گی۔

وفاقی وزیر نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر عوام نے احتیاط نہ کی تو یہ نہ ہو عید کے لئے ہمیں کوئی بندشیں لگانی پڑیں تاہم اگر ہم نے احتیاط کی تو عید کے بعد زندگی بہتری کی طرف جانا شروع ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے رمضان کا مہینہ فیصلہ کن ہے۔ ہم ماہرین کی مدد سے ان حالات کا جائزہ لے رہے ہیں اور بیماری کے پھیلاؤ کو دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہم نے حقوق العباد کا خاص خیال رکھنا ہے کہیں آپ کی وجہ سے دوسرے کو یہ بیماری نہ لگے۔ وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر 9 مئی تک لاک ڈاؤن میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔