اسلام آباد: (دنیا نیوز) راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا اشرافیہ والا بیان قوم تقسیم کرنے کی کوشش ہے، موجودہ صورتحال میں حکومت کا شروع دن سے منفی رویہ ہے، اپوزیشن کے خلاف نفرت پیدا کی جا رہی ہے۔
چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس میں راجہ ظفرالحق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا وزیراعظم نے کہا لاک ڈاؤن اشرافیہ نے لگایا، حکومت کا موجودہ صورتحال میں شروع دن سے رویہ منفی رہا، اپوزیشن کیخلاف نفرت پیدا کی جا رہی ہے، کہا گیا لاک ڈاؤن مفاد میں نہیں پھر پورے ملک میں لاک ڈاؤن ہوا، ملک میں لاک ڈاؤن سے متعلق ایک پالیسی نہیں تھی۔
راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا حکومت موجودہ صورتحال میں قومی یکجہتی کی فضا پیدا کرتی، حکومت نے اپوزیشن سے رابطہ نہیں کیا، وزیراعظم نے عوام کو متحد کرنے کے بجائے تقسیم کیا، تاثر دیا جا رہا ہے جیسے سندھ حکومت ملک دشمن ہے۔