کورونا پھیلاؤ روکنے کیلئے صوبے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں: اسد عمر

Last Updated On 13 May,2020 05:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) میں 9 مئی کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اہم اجلاس ہوا، صوبائی چیف سیکرٹریز نے اپنے صوبوں اور علاقوں میں انسداد کورونا وائرس کی گائیڈ لائینز پر عمل درآمد کے حوالے سے فورم کو پیش رفت سے آگاہ کیا۔

این سی او سی کے مطابق اجلاس کی صدرات وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی،اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ عوام کو حفاظتی ایس او پیز سے متعلق آگاہ کر دیا گیا تھا۔ عوامی ذمہ داری ہے کہ وہ خود حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائیں، عید کی وجہ سے بازاروں میں رش بڑھ گیا ہے یہ معاملہ توجہ طلب ہے۔

اسد عمر نے صوبوں کو ہدایات دیں کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنا کر عوام کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اپنابھر پور کردار ادا کریں تا کہ وباء کا مزید پھیلاؤ روکا جاسکے، انفرادی ذمہ داری ہی اجتماعی صحت، تحفظ اور کووڈ۔ 19 سے بچاؤ کا واحد ذریعہ ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی ہے، وباء کے پھیلنے کا خطرہ بدستور موجود ہے ، حفاظتی ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انسداد کورونا وائرس ایس او پیز تمام صوبوں کو بھجوائی گئیں ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ریڈیو، ٹی وی چیلنز، سوشل میڈیا سمیت ہر ڈیجٹیل پلیٹ فارم کے ذریعے موثر عوامی آگاہی مہم چلائی گئی، صنعتوں اور تعمیراتی شعبے سے متعلق پروٹوکول، مارکیٹوں سمیت ہر شعبے کے لئے جامع ایس او پی بنائی گئیں ہیں، عوام ان سے مکمل آگاہ ہیں۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ صوبائی چیف سیکرٹریز تین سے چار روز میں طے شدہ ایس او پیز پر 100فیصد عمل درآمد یقینی بنائیں تا کہ وباءکا مزید پھیلاؤ رک سکے۔ 9 مئی کے بعد عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام ایس او پیز پر عمل کر کے نہ صرف اپنے سے منسلک افراد، خاندان، معاشرے اور کمیونٹی کی صحت کا خیال رکھیں۔
 

Advertisement