اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں مقیم امریکی شہری سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک پر زیادتی کا الزام عائد کر دیا ہے۔ انہوں نے سنگین نوعیت کے الزام اپنی ایک ویڈیو میں لگائے ہیں۔
تفصیل کے مطابق امریکی شہری سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر سنگین الزامات کی بوچھاڑ کر دی ہے۔ سنتھیا رچی نے اپنے ویڈیو پیغام میں سینیٹر رحمان ملک پر زيادتی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کیساتھ یہ واقعہ 2011ء میں پیش آیا، جب وہ وفاقی وزیر داخلہ تھے۔
سنتھیا رچی نے اپنی ویڈیو میں اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کی دیگر اعلیٰ قیادت پر بھی سنگین نوعیت کے الزامات لگائے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیر صحت مخدوم شہاب الدین نے بھی ان کیساتھ بدسلوکی کی تھی۔
امریکی خاتون شہری کا کہنا تھا کہ سابق وزيراعظم یوسف رضا گیلانی نے ان کیساتھ تب دست درازی کی جب، وہ ایوان صدر میں مقیم تھے۔
دوسری جانب سنتھیا رچی کے الزامات پر دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ خاتون کے الزامات کے جوابات دینا توہین ہوگا۔ امریکی خاتون کو ایسی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اس امریکی خاتون نے شہید بینظیر پر بھی عجیب وغریب الزامات لگائے۔ کوئی بھی شہید بی بی پر الزام برداشت نہیں کر سکتا۔ علی حیدر گیلانی اور علی قاسم اس معاملے پر عدالت جا چکے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ الزام لگانے والی خاتون ایوان صدر میں کیا کر رہی تھیں؟ سنتھیا رچی کو سیاستدانوں پر الزامات لگانے کا حق کس نے دیا ہے؟
ادھر سنتھیا رچی نے کہا ہے کہ میں مزید تفصیلات خوشی خوشی کسی غیر بھی جانبدار تحقیقاتی صحافی کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تیار ہوں۔ میں اپنے چند قریبی اور بااعتماد لوگوں کے ساتھ یہ پہلے ہی شیئر کر چکی ہوں تا کہ خدانخواستہ میرے ساتھ کچھ ہو نہ جائے۔