اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) چین اور بھارت میں سرحدی تنازع جنگی ماحول میں بدلتا نظر آ رہا، بھارتی فوج نے چینی بارڈر کی خلاف ورزی کی تو چینی فوج نے جواب دیا اور بھارتی فوج کا بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔ اتنے بڑے نقصان کے باوجود بھارتی حکومت، میڈیا کو سانپ سونگ گیا، ہر طرف خاموشی ہی خاموشی ہے۔
پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ کے میزبان کامران خان نے کہا ہے کہ مجال نہیں بھارت جنگ یا سرجیکل سٹرائیک کا نام لے، عجب انداز میں دھاڑنے والا مودی اس وقت خوف میں ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ اس واقعہ کے ہندوستان، خطے اور پاکستان پر اثرات پڑیں گے، پاکستان کیلئے اچھی ڈیویلپمنٹ ہے، ایک ملک جو خود پر تکبر کر رہا تھا، اس کا تکبر ٹوٹ گیا، مودی نے پاکستان، چین، نیپال، بنگلہ دیش سے پنگا لیا، کورونا وائرس بھی بڑھ گیا ہے، معیشت تباہ ہو رہی ہے، ساری چیزیں بھارت کیخلاف جا رہی ہیں، بھارت نے امریکا کے اشاروں پر چین سے پنگا تو لے لیا لیکن گیم الٹ ہوگئی۔