'پارٹی میں اختلافات کا تاثر درست نہیں، تمام ارکان، اتحادیوں کو ساتھ لیکر چلیں گے'

Last Updated On 26 June,2020 02:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پارٹی میں اختلافات کا تاثر درست نہیں، تمام ارکان اور اتحادیوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔

 تحریک انصاف اراکین اسمبلی کے تحفظات کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان متحرک ہوگئے، آج پھر پارلیمنٹ میں اپنے چمبر میں موجود رہے، ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعظم نے پارٹی اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس پر جلد قابو پالیں گے۔

ذرائع کے مطابق ارکان اسمبلی نے پارٹی امور پر مشاورت نہ کرنے اور ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز نہ ملنے پر وزیر اعظم سے گلے شکوے کیے۔ ارکان اسمبلی نے وزیر اعظم کو اپنے حلقے کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے ارکان اسمبلی کو جلد فنڈز کے اجراء کی یقین دہانی کرائی اور کہا ترقیاتی فنڈز کورونا وبا کے پیش نظر ہی روکے گئے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا ہے کورونا وائرس کے دوران ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد خاندانوں کی امداد کی گئی، عوامی نمائندے اپنے حلقوں میں ریلیف پروگرام کی نگرانی کریں اور انتظامیہ کے ساتھ ملکر تمام امور کا جائزہ لیں۔

 

Advertisement