کراچی: (دنیا نیوز) ڈی جی رینجرز سندھ نے کہا ہے کہ رینجرز، پولیس اور پرائیویٹ گارڈ نے 8 منٹ میں چاروں دہشتگردوں کو ٹھکانے لگایا، سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشتگردوں کو بلڈنگ کے داخلی راستے پر ہی روک لیا، مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکے۔
ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر بخاری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا سٹاک ایکسچینج کی عمارت پر 10 بجکر 2 منٹ پر فائرنگ کی گئی، 10 بجکر 10 منٹ پر واقعہ کا اختتام ہوگیا، 4 دہشتگردوں نے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، 8 منٹ میں چاروں دہشتگردوں کو مار دیا گیا، دہشتگردوں نے سیدھی گولیاں چلائیں۔
میجر جنرل عمر بخاری کا کہنا تھا پہلی انٹرنس میں 2 دہشتگردوں کو مار دیا گیا، دہشتگرد عمارت کے اندر داخل نہ ہوسکے، دہشتگردوں کی فائرنگ سے کچھ شہری بھی زخمی ہوئے، رینجرز اور پولیس اہلکاروں نے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا، دہشتگرد اندر داخل ہو کر یر غمال بنانے کا منصوبہ رکھتے تھے، دہشتگردوں سے کھانے پینے کی اشیا بھی ملی ہیں، دہشتگرد پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے۔
ڈی جی رینجرز سندھ نے مزید کہا دہشتگرد اپنے کسی بھی ہدف میں کامیاب نہ ہوسکے، ڈیڑھ سال سے شہر قائد میں دہشتگردی کا کوئی واقعہ نہیں ہوا، سٹاک ایکس چینج میں معمول کے مطابق کام جاری ہے، سٹاک ایکس چینج پر حملے کی تفصیلی تحقیقات کریں گے، سٹاک ایکس چینج میں ایک ہزار سے زائد عملہ ہے، اس حملے اور چینی قونصلیٹ پر حملے میں مماثلت ہے، ہمیں اپنے سیکیورٹی اداروں پر فخر ہونا چاہیئے۔