اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش جذبے سے منائی جا رہی ہے، اس موقع پر مساجد میں چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، لوگوں نے سنت ابراہمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کی۔
اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے ملکی سلامتی، استحکام اور کورونا کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا کی۔
لاہور میں بادشاہی مسجد میں سمیت دیگر مقامات پر بھی عید کی نماز ادا کی گئی۔ ملکی خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں۔ فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں بھی لوگوں کی بڑی تعداد نے عید کی نماز ادا کی۔ ملتان میں دربار شاہ رکن عالم میں نماز عید ادا کی گئی۔
کراچی میں سبیل والی مسجد، عید گاہوں سمیت دیگر علاقوں میں بھی خصوصی اجتماعات ہوئے، لوگوں نے سنت ابراہمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی۔
کوئٹہ کے صادق شہید فٹبال گراؤند میں عید کی نماز ہوئی، شہر میں دیگر مقامات پر بھی چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے۔ پشاور میں بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ چارسدہ روڈ پر ہوا جس میں سماجی فاصلے کا خصوصی خیال رکھا گیا۔ کوئی ماسک پہنے نظر آیا، کوئی نہیں۔
ملک کے دیگر شہروں میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے جس میں ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
وزیراعظم عمران خان نے عیدالاضحیٰ کے مو قع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ عید الاضحیٰ ہمیں استقامت اور قربانی کا درس دیتی ہے، ساری دنیا اس وقت انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہی ہے، کورونا وبا ساری انسانیت کیلئے چیلنج بن کر آئی ہے۔
انہوں نے کہا قوم سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی درخواست ہے، عید پر غریب اور ضرورت مند طبقے کو بھی اپنے ساتھ شامل رکھیں، اللہ سے دعاہے وبا سے نبرد آزما تمام لوگوں کی حفاظت فرمائے، اللہ تعالیٰ ہمیں جلد اس وبا سے نجات عطا فرمائے۔
صدر مملکت عارف علوی کا کہنا تھا عوام عید کے موقع پر کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کو ہرگز نظرانداز نہ کریں، اللہ تعالیٰ نے اپنے برگزیدہ بندوں کو مختلف امتحانات میں ڈال کر آزمایا، یہ بزرگ ہستیاں ان امتحانات میں پوری طرح سرخرو ہوئیں، آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار رہنا ہی کامیابی کی کنجی ہے، اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے ساری دنیا پریشان ہے، تمام انسانیت کسی نہ کسی طرح اس وباسے متاثر ہوئی ہے، اس وبا نے معاشی طور پر ساری دنیا کو بڑے نقصان سے دوچار کیا ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا بڑی طاقتور حکومتیں اپنے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مشکلات سے دوچار ہیں، قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر غریبوں اور ضرورت مندوں کو بڑھ چڑھ کر مدد کی جائے، ضرورت مند اور نادار افراد کو تلاش کر کے ان تک قربانی کا کچھ حصہ ضرور پہنچائیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ عید ماضی کی عیدوں سے مختلف ہے، کورونا کیخلاف پاکستان کو کامیابی ملی، عید پر غفلت ہوئی تو ساری محنت ضائع ہوسکتی ہے، پاکستانی قوم ہر آزمائش میں پوری اتری ہے، سمارٹ لاک ڈاؤن کی وجہ سے مریضوں کی تعداد کم ہو رہی ہے۔