لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی راہ حق میں لازوال قربانی کی یاد دلاتا ہے، حضرت اما م حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں کی میدان کربلا میں دی گئی لازوال قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، واقعہ کربلا سے سبق حاصل ہوتا ہے کہ باطل مٹ جائے گا اور حق باقی رہے گا۔
یوم عاشور پر پیغام میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ اسلام نے حق کا علم بلند کیا اور باطل کے سامنے سر نہ جھکایا۔ حضرت امام حسین علیہ السلام اور دیگر شہدائے کربلا کا غم تاقیامت باقی رہنے والا اثاثہ ہے۔ شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں نے دین اسلام کے آفاقی اصولوں صبر،برداشت اورقربانی کو قیامت تک کیلئے زندہ کردیا ہے۔ کربلاکے میدان میں حق و باطل کا معرکہ مسلمانوں کو ظلم اور بربریت کیخلاف جہاد کرنے کا درس دیتاہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی حق اور باطل کے درمیان کئی برس سے معرکہ جاری ہے۔ ہزاروں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر کربلا کی عظیم ترین روایت کو نبھا رہے ہیں۔ ظالم مودی نے مقبوضہ کشمیر میں سفاکیت اور بربریت برپا کر رکھی ہے۔
مودی دور حاضر کا یزید بن چکا ہے۔وہ دن دور نہیں جب شہداء کا لہو رنگ لائے گا، سفاک مودی کا نام و نشان مٹ جائے گا۔ حضرت اما م حسین علیہ اسلام اور ان کے ساتھیوں کی میدان کربلا میں دی گئی لازوال قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔
عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ شہدائے کربلا کا سفر، جرأت اورعظیم قربانیاں رہتی دنیا تک مظلوم قوموں کوحوصلہ اور ولولہ مہیا کرتی رہیں گی۔ نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے کردار اورعمل سے حق کی آواز کو بلند کرنا اورانسانی اقدار کا تحفظ سکھایا۔ حضرت امام حسین علیہ السلام کی جدوجہد ظلم کیخلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے۔ یوم عاشور کے موقع پر ہمیں اپنی زندگیوں کو حقیقی معنوں میں حضرت امام حسینؓ کی روشن تعلیمات کے مطابق عمل پیرا ہونے کا اعادہ کرنا ہے۔