لاہور: (دنیا نیوز) موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کے معاملے پر وزیراعلیٰ نے اہم اجلاس طلب کرلیا۔ عمر شیخ سے ان کے بیان پر وضاحت طلب کی جائے گی۔
اجلاس میں تحقیقاتی کمیٹی اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کرے گی، سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو بھی طلب کر لیا گیا۔ عمر شیخ کی جانب سے افسوسناک بیان دینے پر وضاحت طلب کی جائے گی۔ اجلاس میں پنجاب بھر میں خواتین، مرد اور بچوں سے ہونے والی زیادتیوں سے متعلق کیسز کا جائزہ لیا جائے گا۔
لاہورموٹروے پر خاتون سےزیادتی کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں،پولیس نے مدعی اور خاتون کے رشتہ دار کو شامل تفتیش کر لیا ۔ جائے وقوعہ کے اطراف 5کلو میٹر کے مشتبہ پوائنٹس کو مارک کرکے ستر سے زائد کرمنل ریکارڈ والے افراد کو بھی شارٹ لسٹ کرلیا گیا ۔
خیال رہے لاہور موٹروے پر خاتون سے زیادتی کے سفاک درندے تیسرے روز بھی قانون کی گرفت میں نہ آسکے، ملزمان کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔ پولیس نے مقدمے کے مدعی اور خاتون کے رشتہ دار کو شامل تفتیش کر لیا۔ تفتیش کے مطابق کھوجی تین کلو میٹر تک جوتوں کے نشانات تک پہنچ گئے۔
پکی سڑک شروع ہونے سے تحقیقات میں مشکلات کا سامنا ہے۔ کرمنل ریکارڈ والے 70 سے زائد افراد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ واقعہ کے وقت ملزمان کی لوکیشنز کی چیکنگ، فٹ پرنٹس کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایس ایس پی ذیشان اصغر کے مطابق اب تک 14 لوگوں کو شامل تفتیش کر چکے ہیں، کیس میں خاص وقت نہیں دیا جا سکتا، ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔
پنجاب حکومت نے اعلیٰ سطح کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس کے سربراہ وزیر قانون راجہ بشارت ہوں گے۔ کمیٹی تین روز میں تحقیقات کر کے رپورٹ وزیراعلی پنجاب کو پیش کرے گی جبکہ میڈیکل رپورٹ میں خاتون سے زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے۔
واقعہ کے بعد پنجاب پولیس نے لاہور سیالکوٹ موٹروے کا سکیورٹی کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ ڈھائی سو اہلکار گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر پٹرولنگ اور سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔