راولپنڈی: (دنیا نیوز) کوسٹل ہائی وے پر اورماڑا کے قریب سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان مقابلے میں سات ایف سی اہلکار اور قافلے کے سات گارڈ شہید ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ واقعہ کوسٹل ہائی وے پر اورماڑا کے قریب پیش آیا۔ دہشت گردوں کی بڑی تعداد نے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) کے قافلہ پر حملہ کیا۔ اس حملے میں ایف سی بلوچستان کے 7 اہلکار جبکہ قافلہ کے 7 گارڈز بھی شہید ہو گئے۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ سے دہشتگردوں کا بھاری نقصان ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کیساتھ مقابلے میں مادر وطن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں میں صوبیدار عابد حسین، نائیک محمد انور، لانس نائیک افتخار احمد، سپاہی محمد نوید، لانس نائیک عبدالطیف، سپاہی محمد وارث، سپاہی عمران خان، حوالدار ریٹائرڈ سمندر خان، محمد فواد اللہ، عطا اللہ، وارث خان، عبدالنافع، شاکر اللہ اور عابد حسین شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کا گھیراؤ کرکے دہشتگردوں کیخلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں اور گارڈز کے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔ انہوں نے شہدا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کا یہ واقعہ دشمن عناصر کا بزدلانہ عمل ہے۔ شرپسند عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ حملے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے انھیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔