سکیورٹی فورسز کی خاران میں کارروائی، فتنہ الخوارج کے 12 دہشتگرد جہنم واصل

سکیورٹی فورسز کی خاران میں کارروائی، فتنہ الخوارج کے 12 دہشتگرد جہنم واصل

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتنہ الخوارج کے 15 سے 20 دہشت گردوں نے خاران سٹی میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیاں کیں، بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے سٹی پولیس سٹیشن، نیشنل بینک، حبیب بینک پر حملے کئے، دہشت گردوں نے حملوں کے دوران بینکوں سے 34 لاکھ روپے بھی لوٹے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرکے دہشت گردوں کو موثر جواب دیا، کلیئرنس آپریشن کے دوران 3 مختلف جھڑپوں میں 12 دہشت گرد جہنم واصل کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی پولیس سٹیشن کو یرغمال بنانے کی کوشش بھی ناکام بنادی گئی، دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، مارے گئے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، علاقے میں مزید کسی ممکنہ دہشت گرد کے خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔