گلگت: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی ہے جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت کی ون آن ون ملاقات کے بعد پارٹی وفود کی بھی ملاقات ہوئی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سینیٹر شیری رحمان اور سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر، صدر پی پی پی گلگت بلتستان امجد حسین بھی موجود ہیں۔
مسلم لیگ ن کے وفد میں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، پرویز رشید، حافظ حفیظ الرحمان اور مریم اورنگزیب شامل ہیں۔
ملاقات کے دوران بلاول اور مریم نواز کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک ہی ہوٹل میں قیام پذیر ہیں۔
خیال رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات 15 نومبر کو ہوں گے جن میں پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور پی پی پی میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔
اس سے قبل مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے سر پر انتقام کا بھوت سوار ہے، شاہد ہی کوئی ظلم ہو جو نواز شریف پر نہیں کیا گیا، جس کے گھر کا خرچہ کوئی اور اٹھاتا ہو اسے عوام کی کیا فکر، حکومت آخری دھکے کے بعد گرنے والی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نواز نے نگر خاص میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیرعظم کی کرسی پر بیٹھا شخص ڈھٹائی سے کہہ رہا ہے مہنگائی نہیں، لوگ بل دیں یا گھر کا چولہا جلائیں، عوام جھولیاں اٹھا کر جعلی حکومت کو بد دعائیں دے رہے ہیں، وزیراعظم کو غریب عوام کا کوئی احساس نہیں، غریب عوام بھوک سے بلک رہے ہیں، جو شخص عوام کا روزگار چھیننے کا ذمہ دار ہو کیا وہ آپ کے ووٹ کا ذمہ دار ہے ؟۔
مریم نواز کا کہنا تھا حکومت رواں سال ختم ہونے سے پہلے گھر جانیوالی ہے، جس کی حکومت جانیوالی ہو کیا عوام اس پر اپنا ووٹ ضائع کریں گے ؟ وزیراعظم کے اردگرد عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے والے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کراچی میں میرے کمرے کا دروازہ توڑ کر داخل ہوگئے۔