کابل: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وفد کے ہمراہ افغان ہم منصب حنیف آتمر کے ساتھ ملاقات کی، مشیر تجارت رزاق داؤد اور سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق وزرائے خارجہ سطح کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغان وزیرخارجہ نے افغانستان آمد پر وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو خوش آمدید کہا جبکہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود نے پرتپاک خیر مقدم پر افغان ہم منصب کا شکریہ ادا کیا ۔
شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اورافغانستان کے مابین گہرے دیرینہ تہذیبی اور تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، وزیراعظم عمران خان کا موقف رہا ہےکہ افغان مسئلے کو طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان دیرپا اور مستقل امن کیلئے افغان قیادت میں افغانوں کو قابلِ قبول مذاکرات کا حامی رہا ہے، خطے کا امن و استحکام، افغانستان میں قیام امن سے مشروط ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ افغانستان میں دیرپا اور مستقل قیام امن کیلئے بین الافغان مذاکرات کا کامیابی سے ہمکنار ہونا ناگزیر ہے۔ پاکستان افغان مہاجرین کی باوقار وطن واپسی کا متمنی ہے۔ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔