اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگا کرپشن مقدمات کو سائنسی انداز میں منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے، نیب نے مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کے لئے 10 ماہ کا عرصہ مقرر کیا ہے۔
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں نیب کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین نیب نے ادارے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ فیصلہ سازی کے لئے ایگزیکٹو بورڈ اور ریجنل بورڈ تشکیل دیئے گئے، ادارہ جاتی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے معیاری گریڈنگ کا نظام وضع کیا، معیاری گریڈنگ نظام کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، نیب کا تعلق کسی سیاسی گروہ سے نہیں ہے۔