لاہور: (دنیا نیوز) لاہور پولیس نے گریٹر اقبال پارک میں پی ڈی ایم جلسے کے خلاف دو مقدمات درج کر لیے جن میں سنگین نتائج کی دھمکیاں، توڑ پھوڑ، کار سرکار میں مداخلت کی دفعات شامل ہیں۔
لاہور کے تھانہ لاری اڈا میں درج کیے گئے مقدمات پی ایچ اے سکیورٹی انتظامیہ کی مدعیت میں درج کیے گئے، پہلا مقدمہ گیارہ دسمبر کو سکیورٹی سپروائزرمحمد یوسف کی مدعیت میں درج کیا گیا جبکہ دوسرا مقدمہ 12 دسمبر کو ذیشان حیدر نقوی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ دونوں مقدمات میں پارک کے تالے توڑنے اور زبردستی داخل ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق 20 سے 25 افراد لوگ آئے جنہوں نے 5 نمبر گیٹ کو ہتھوڑے اور اینٹوں کی ضرب مار کر توڑ دیا، سکیورٹی گارڈ کو دھکے مارتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں جبکہ دوسرے مقدمہ کی ایف آئی آر کے مطابق چند کارکنوں کی جانب سے نعرے بازی کی گئی، کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے زبردستی گاڑیوں کو بمعہ سامان پارک کے اندر داخل کیا گیا۔