بہاولپور: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ صدارتی آرڈیننس سے سینیٹ الیکشن کا طریقہ کار بدل نہیں سکتا، شو آف ہینڈ کے ذریعے سینیٹ کا الیکشن غیر آئینی ہے۔
یہ بات انہوں نے بہاولپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ہم سینیٹ کا الیکشن فروری میں کرائیں گے جبکہ ووٹنگ شو آف ہینڈ سے ہوگی۔ الیکشن کرانا ایکشن کمشن کا کام ہے، جعلی وزیراعظم کو کس نے اختیار دیا ہے کہ وہ اعلان کرے۔ الیکشن کمیشن اگر آزاد ہے تو فوری نوٹس لے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ شو آف ہینڈ کے ذریعے سینیٹ کا الیکشن غیر آئینی ہے۔ کورٹ آئین کی تشریح تو کر سکتی ہے لیکن اسے تبدیل نہیں کر سکتی۔ یہ ممکن ہی نہیں کہ شو آف ہینڈز کیساتھ الیکشن کرائے جائیں۔ لگتا ہے پوری کابینہ ہی جاہل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے اقدامات سے گریز کیا جائے جس سے نفرت میں اضافہ ہو۔ ہم ہر قمیت پر ووٹ کا حق چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے خلاف جو باتیں کرنے والے عدالت جائیں گے تو اپنا ہی نقصان کریں گے۔ ہم کچھ چیزوں کا وقت پر استعمال کریں گے۔ ہمارے پاس 3 ماہ لانگ مارچ کی تیاری کے لئے ہیں۔ عوام کی۔کیفیت کا حکومت کو اندازہ ہی نہیں ہے۔