مریم نواز کی شیئر کی گئی تصویر جعلی قرار، حکومتی ارکان کی تنقید

Published On 16 December,2020 06:16 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں اپوزیشن کے بننے والے اتحاد (پی ڈی ایم) کے 13 دسمبر کو ہونے والے مینار پاکستان جلسے کی سوشل میڈیا پر جعلی تصویریں شیئر کی جا رہی ہیں، مریم نواز نے مینار پاکستان جلسے کی جعلی تصویر شیئر کر دی جسے جعلی قرار دیدیا گیا۔ حکومتی ارکان نے لیگی نائب صدر پر تنقیدی نشتر چلا دیئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں حکومت مخالف اتحاد نے ملک بھر میں جلسے شروع کر رکھے تھے، جس کا آغاز گوجرانوالہ، ملتان، کراچی، پشاور، کوئٹہ سے ہوا اور اس کا اختتام لاہور میں مینار پاکستان کے گریٹر اقبال پارک پر ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم کے جلسے کی جعلی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگی

13 دسمبر کو ہونے والے پاکستان مسلم لیگ ن کے جلسے کے دوران کچھ جعلی تصویریں فیس بک، ٹویٹر سمیت دیگر جگہوں پر وائرل ہونے لگیں، انہیں میں سے ایک تصویر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی شیئر کر دی۔

مریم نواز کی طرف سے تصویر شیئر کیے جانے کے بعد ٹویٹر پر عوام اور وفاقی وزراء نے اس کا خوب مذاق اُڑایا اور تصویر کو جعلی ثابت کر دیا۔ لیگی نائب صدر کی طرف سے شیئر کی گئی تصویر نیچے دکھائی گئی ہے۔

وفاقی وزیر حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مریم نواز کی تصویر کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ایک اور جعلسازی پکڑی گئی۔ یہ تصویر فوٹو شاپ کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مینار پاکستان گراؤنڈز میں پانی پھینکنے کی خبریں جعلی قرار

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے بھی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ جعلی قطری خط، جعلی کیلبری فونٹ، جعلی اکاؤنٹس، جعلی کمپنیاں، جعلی میڈیکل رپورٹس، جعلی ٹویٹر فالوررز، جعلی جلسے کی تصویریں، جعلی انگلیاں اور تصویر میں شہریوں کی جعلی موجودگی۔

وزیراعظم عمران خان کے ایک اور معاون خصوصی زلفی بخاری نے لکھا کہ مریم نواز کبھی مایوس نہیں کرتیں، پاکستان مسلم لیگ ن والے ہمارے جلسے کی تصویریں استعمال کر رہے ہیں، یہ ہمارے لیے بہت عزت کی بات ہے کہ مریم نواز ہمارے جلسے کی تصویریں شیئر کر رہی ہیں۔

دوسری طرف ایک صارف رضوان یحییٰ نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ اصلی تصویر یہ تھی۔ میڈم مریم صفدر (@MaryamNSharif)، میں نے اسی کوالٹی میں آپ کیلئے جلسہ تھوڑا سا بڑا کر دیا ہے۔ آپ کے کہنے کے مطابق آگے بھی جلسہ، پیچھے بھی جلسہ، اوپر بھی جلسہ، نیچے بھی جلسہ، دائیں بھی جلسہ، اور بائیں بھی جلسہ تھا۔

ایک اورصارف ملیحہ ہاشمی نے لکھا کہ پڑھے لکھے لاہوریوں کا خاص شکریہ، جو موقع پر ہی جھوٹ پکڑ لیتے ہیں۔ حضور، یہ ہیں وہ ذرائع جن سے قطری خط اور کیلبری فونٹ ایجاد کر کے پوری دنیا میں شریف خاندان کا نام روشن کیا گیا۔
 

Advertisement