لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر 2018ء کے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کی جعلی تصویریں شیئر کی جانے لگیں، جلسے کو پی ٹی آئی کی بجائے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا جلسہ قرار دیا جانے لگا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مینار پاکستان پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع ہیں، یہ تصویر سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک پر 13 دسمبر کو اپ لوڈ کی گئی، جسے اب تک ایک ہزار سے زائد مرتبہ شیئر کیا جا چکا ہے۔
اس فیس بک پوسٹ پر اردو کیپشن تحریر میں ہے، جس میں لکھا ہے کہ ایک سیاسی مبصر کی حیثیت سے میں دیکھتا ہوں یہ ناقابل یقین حد تک بڑا جلسہ ہے اس نے اگلے پچھلے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، حکومت کے لیے کافی بڑا دھچکا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق یہ تصویر اس وقت شیئر کی گئی جب پاکستان میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا مینار پاکستان لاہور میں جلسہ تھا، اس تصویر کو فیس بک پر زیادہ سے زیادہ مرتبہ شیئر کیا گیا، یہاں بتاتے چلیں کہ شیئر کی جانے والی تصویر کا دعویٰ جعلی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق گوگل کی مدد سے سچ جاننے کی تلاش کی گئی تو پتہ چلا کہ شیئر کی جانے والی تصویر 2020ء کی نہیں بلکہ 2018ء کی ہے، یہ اس وقت کی تصویر ہے جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت مینار پاکستان پر جلسہ کر رہی تھی۔
اس تصویر کو 30 اپریل 2018ء کو فیس بک پر پاکستان تحریک انصاف لاہور کے پیج پر شیئر کیا گیا تھا۔ اس تصویر کا سکرین شارٹ نیچے دکھایا گیا ہے۔