مریم اورنگزیب اور عظمیٰ بخاری کیلئے 4 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کا نوٹیفکیشن جعلی قرار

مریم اورنگزیب اور عظمیٰ بخاری کیلئے 4 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کا نوٹیفکیشن جعلی قرار

سوشل میڈیا پر حالیہ دنوں ایک نوٹیفیکیشن گردش کرتا رہا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ پنجاب حکومت نے سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری کے ذاتی میک اَپ اور پریزنٹیشن کے اخراجات کے لیے 4 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ منظور کی ہے۔

یہ مبینہ نوٹیفیکیشن وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی زد میں آ گیا، تاہم اس معاملے پر ردِعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے اس نوٹیفیکیشن کو جعلی اور من گھڑت قرار دیا اور واضح کیا کہ اس کا حکومتِ پنجاب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے اس جعلی نوٹیفیکیشن کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹے اور گمراہ کن پروپیگنڈے کے ذریعے اخلاقی اور قانونی حدود کو پامال کیا جا رہا ہے۔ صارفین کا کہنا تھا کہ اس قسم کی فیک نیوز معاشرے میں انتشار اور بے چینی پیدا کرنے کا باعث بنتی ہے۔

کئی صارفین نے اس امر پر زور دیا کہ جب تک جعلی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی جائے گی اس رجحان کا خاتمہ ممکن نہیں جبکہ دیگر صارفین نے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے جھوٹے نوٹیفیکیشنز کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔