اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سمیت 20 سیاستدانوں کو سیریس سیکیورٹی تھریٹ ہیں، مولانا کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، یقین ہے پی ڈی ایم سینیٹ الیکشن میں حصہ لے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کل کے بجائے آج ہی استعفے دیں، مولانا فضل الرحمان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، اپوزیشن لوگوں کو امتحان میں نہ ڈالے، اچھا موقع ہوگا اپوزیشن اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرے، اپوزیشن سینیٹ الیکشن میں حصہ لے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا نواز شریف ملکی اداروں کیخلاف بیانیہ رکھتے ہیں، ان لوگوں کی سیاست دیکھیں، یہ لوگ میڈیا میڈیا کھیل رہے ہیں، مسائل کا حل اسمبلیوں سے نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کرنیوالے نہیں بچ سکیں گے، عمران خان ایسی قانون سازی کریں گے کہ کوئی کرپٹ نہیں بچے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کیخلاف میلی آنکھ سے دیکھا تو یہ جنگ آخری ہوگی، ملک میں سی پیک کیخلاف سازش ہو رہی ہے، سی پیک کیخلاف کسی تھریٹ کو کامیاب ہونے نہیں دیا۔ انہوں نے اسد عمر سے کورونا کے پیش نظر لندن کیلئے پروازیں بند کرنے کی سفارش بھی کی۔