پی ڈی ایم کا ٹولہ سانحہ مچھ پر بھی سیاست کرنے سے باز نہیں آیا: فردوس عاشق

Published On 09 January,2021 06:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کا ٹولہ سانحہ مچھ پر بھی سیاست کرنے سے بھی باز نہیں آیا،ان لوگوں میں انسانیت کا رتی بھر بھی درد نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں جا کر راجکماری اور شہزادے نے غمگساری کی بجائے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی، حکومت اورقوم دکھ کی گھڑی میں ہزارہ برادری کے ساتھ ہے،حکومت متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کورونا کے بعد سانحہ مچھ پر سیاست کرنا اپوزیشن عناصر کے گھٹیا ذہن کی عکاس ہے، ان عناصر کو بے بنیاد الزامات لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، کورونا اور سانحہ مچھ پر سیاست چمکانے والوں کو پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

معاون خصوصی اطلاعات کا کہنا تھا کہ کوروناکے پھیلاؤ میں پی ڈی ایم کے ٹولے کا پورا پورا ہاتھ ہے، پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 144,111 ہو گئی ہے،24 گھنٹے میں کورونا کے600 نئے مریض رپورٹ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کورونا سے 4,242 اموات ہو چکی ہیں، 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے21 مریض جاں بحق ہوئے،24 گھنٹے میں کورونا کے 15,438 ٹیسٹ کئے گئے۔پنجاب میں اب تک 2,581,317 کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔
 

Advertisement