اسلام آباد: (ویب ڈیسک) معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ چینی دوا ساز ادارے سائنوفارم کی ویکسین آئندہ ماہ فروری کے پہلے ہفتے میں پاکستان پہنچ جائے گی۔
یہ بات انہوں نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں کہی۔ ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ سائنوفارم کی جانب سے بھیجی گئی ویکیسن کی پہلی کھیپ سے تقریباً پچاس ہزار پاکستانی شہری مستفید ہونگے۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر فیصل سلطان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ حکومت پاکستان کورونا ویکسین کی دستیابی کیلئے چین اور روس سمیت دیگر ممالک سے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ کورونا ویکسین کیلئے سب سے پہلے طبی عملے اور بزرگ شہریوں کو ترجیح دی جائے گی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد 5 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ اس موذی مرض میں مبتلا ہو کر 10 ہزاد سے زائد پاکستانی جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل پارلیمانی سیکرٹری نوشین حامد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا ہے رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں ویکسی نیشن کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔