ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ امریکا میں نئی انتظامیہ آنے والی ہے، امید ہے نئی انتظامیہ مسئلہ کشمیر پر اپنا کردار ادا کرے گی۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت تاثر دیتا آیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات معمول پر آ گئے، آج بھی ہزاروں کشمیری جیلوں میں ہیں، پاکستان بھارت کو بے نقاب کرتا رہے گا، مقبوضہ وادی میں لوگوں کے بنیادی حقوق آج بھی سلب کیے جا رہے ہیں، جیل میں قید کشمیریوں کو اپنی صفائی پیش کرنے ک موقع نہیں دیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا میں نئی انتظامیہ آنیوالی ہے، امید ہے نئی انتظامیہ مسئلہ کشمیر پر اپنا کردار ادا کرے گی، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر یورپین پارلیمنٹ سےآوازیں اٹھ رہی ہیں۔
پی آئی اے طیارے سے متعلق بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ طیارہ لیز پر لیا گیا تھا، طیارے کے مالک اور پی آئی کے درمیان تنازع تھا جو عدالت میں زیر سماعت ہے، طیارے کے مالک نے برطانیہ کی عدالت میں مقدمہ کیا ہوا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 18جنوری کو مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی کی قیادت الیکشن کمیشن پیش ہوتی ہے تو ان کے احتجاج کا جواز سمجھ آتا ہے، 18جنوری کومسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی کوبھی فارن فنڈنگ اکاؤنٹ کیس میں بلایا گیا۔ 18جنوری کودیکھتے ہیں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی قیادت پیش ہوتی ہےیانہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) واحدجماعت ہے جس نے فارن فنڈنگ اکاؤنٹس کیس میں تفصیلی ثبوت فراہم کیے۔ 19جنوری کوپی ڈی ایم جماعتیں الیکشن کمیشن کےسامنے احتجاج کرنا چاہ رہی ہے، اپوزیشن احتجاج کی آڑمیں قانون شکنی مت کرے، ہم نےہمیشہ کہااپوزیشن احتجاج ضرور کرے مگرقانون شکنی مت کرے۔
ملک میں مہنگائی کے حوالے سے وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی کیخلاف اقدامات کیےہیں۔ ہمارے ہاں لوگ ذخیرہ اندوزی کرتےہیں اورحکومت کی پریشانیوں میں اضافہ کرتےہیں۔ کچھ لوگ ہیں جوناجائزمنافع خوری کرتے ہیں۔ چینی ،آٹے کی قیمت بڑھی، حکومت نےتدارک کرنے کیلئے گندم اور چینی درآمدکی۔
براڈ شیت سے متعلق شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ براڈ شیٹ سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے کمیٹی قائم کر دی، تحقیقات کے بعد دودھ کادودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔ جنہوں نے ملکی وسائل منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک منتقل کیے انہیں حساب دینا چاہیے۔