وزیراعظم عمران خان کی لاہور میں میگا پراجیکٹس میں تیزی لانے کی ہدایت

Published On 16 January,2021 07:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں میگا پراجیکٹس میں تیزی لانے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وائس چیئرمین ایل ڈی اے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ ایل ڈی اے ہو یا کوئی بھی محکمہ کرپشن اور رشوت کسی صورت برداشت نہیں ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو دورہ لاہور کے موقع پر وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران نے لاہور کے مختلف میگا پراجیکٹس سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ شاہکام چوک پر تقریباً ساڑھے 4 ارب روپے کی لاگت سے پراجیکٹ شروع کیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کریم بلاک میں ٹریفک کے شدید دباؤ کے باعث ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے ایک اوورہیڈ بِرج بنایا جائے گا۔ گلاب دیوی ہسپتال کے سامنے بھی ٹریفک کے دباؤ کے حل کے لیے ایک ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اسی طرح شمالی و جنوبی لاہور کے درمیان آمد و رفت کی آسانی کےلیے ریلوے سٹیشن سے شیرانوالہ چوک تک ساڑھے 4 ارب روپے کی لاگت سے اس مسئلے کو حل کیا جائے گا۔ عوام کو رہائش کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایل ڈی اے سٹی میں 8 ہزار کنال اراضی پر ابتدائی طور پر 4 ہزار اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے۔ اس منصوبے کے تحت غریب افراد 15 ہزار روپے ماہانہ اقساط ادا کریں گے اور 20 سال بعد گھر ان کے نام منتقل ہوجائے گا۔ اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح 15 فروری کو ہوگا جس کی دعوت وزیر اعظم نے قبول کر لی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ہدایت دی کہ ایل ڈی اے میں کرپشن کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ میگا پراجیکٹس میں غیر قانونی طورپر رکاوٹ ڈا لنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے ۔
 

Advertisement