پی آئی اے کی ایک اور فضائی میزبان ٹورنٹو پہنچنے کے بعد مبینہ طور پر لاپتہ ہوگئی

Published On 01 February,2021 12:38 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پی آئی اے کی ایک اور فضائی میزبان ٹورنٹو پہنچنے کے بعد مبینہ طور پر لاپتہ ہوگئی۔ ایئر ہوسٹس زاہدہ بلوچ 29 جنوری کو کراچی سے ٹورنٹو پرواز پی کے 797 پر تعینات تھی۔ پی آئی اے انتظامیہ نے نوٹس لیکر ہدایت نامہ جاری کر دیا۔

پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کی ایک اور فضائی میزبان ٹورنٹو پہنچنے کے بعد مبینہ طورپر لاپتہ ہوئی۔ مبینہ لاپتہ ہونے کا علم 31 جنوری کو پرواز پی کے 784 کی وطن واپسی پر ہوا۔ 29 جنوری کو رمضان گل نامی فلائٹ سٹیورڈ بھی اسلام آباد سے ٹورنٹو پہنچنے پر لاپتہ ہوا تھا۔

پی آئی اے کی انتظامیہ نے نوٹس لیکر نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا۔ ہدایت نامے میں کہا گیا فضائی میزبانوں کے پاسپورٹ سٹیشن منیجر کی تحویل میں رہیں گے، کیبن کریو کو امیگریشن اور کسٹم کلیئرنس کے بعد پاسپورٹ جمع کرانا لازم ہوگا۔ پاسپورٹ پروازوں کی روانگی کے وقت چیک ان پر واپس ہوگا۔

کسی بھی فضائی میزبان کی کمی پر ہوٹل عملہ فوری اطلاع دے گا۔ فضائی میزبان کو رات کے اوقات میں ہوٹل کی حدود سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
 

Advertisement