اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم عمران خان نےکہا ہے کہ ملک کا مستقبل تعلیم کے فروغ سے وابستہ ہے، بڑی کلاسوں کے نصاب میں سیرت النبی ﷺ کے مضمون کو شامل کرنے کا مقصد طلبا کو اسلامی شعار سے روشناس کرانا ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے نالج اکانومی کے فروغ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیرِتعلیم شفقت محمود، سیکرٹری منصوبہ بندی، سیکرٹری تعلیم ، ڈاکٹر عطا الرحمن، پروفیسر شعیب خان، پروفیسر ناصر خان و سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ملک میں نالج اکانومی کے فروغ کے حوالے سے مختلف منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے وزیرِ اعظم کو تعلیم کے فروغ کے حوالے سے مختلف منصوبوں اور اقدامات میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر عطا ء الرحمن کی جانب سے ملک میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، بائیو ٹیکنالوجی و دیگر جدید علوم کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔
وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا مستقبل تعلیم کے فروغ سے وابستہ ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ان نوجوانوں کی صلاحیتوں سے اسی وقت ہی استفادہ کیا جا سکتا ہے جب یہ نوجوان جدید تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوں گے۔ تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کے فروغ کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ موجود حکومت کی جانب سے تعلیمی اصلاحات کا مقصد نہ صرف تعلیم کا فروغ بلکہ طلبا کی شخصیات میں اعلیٰ اقدار کواجاگر کرنا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ بڑی کلاسوں کے نصاب میں سیرت النبی ﷺ کے مضمون کو شامل کرنے کا مقصد طلبا کو اسلامی شعار سے روشناس کرانا ہے۔
وزیرِ اعظم نے فنی تعلیم اور اسکل ڈویلپمنٹ کی اہمیت پر خاص طور پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تکنیکی و فنی تعلیم کے اداروں میں فراہم کی جانے والی تربیت کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق یقینی بنایا جائے اور تعلیمی اداروں اور مارکیٹ کے مابین تعلق کو مضبوط کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔