پی کے 63 کے 6 ہزار ووٹ غائب ہیں: پی ٹی آئی امیدوار عمر کاکاخیل کا دعویٰ

Published On 22 February,2021 12:32 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی امیدوار عمر کاکاخیل نے دعویٰ کیا کہ پی کے 63 کے 6 ہزار ووٹ غائب ہیں، تصدیق شدہ فارم 46 میں واضح فرق ہے، 6 ہزار ووٹوں کا کوئی ریکارڈ نہیں۔

تحریک انصاف کے امیدوار عمر کاکا خیل نے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ واضح اور نا قابل تردید ثبوت الیکشن کمیشن میں پیش کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق امیدوار آج قانونی ٹیم کے ہمراہ الیکشن کمیشن پہنچیں گے۔

یاد رہے گزشتہ روز وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ نوشہرہ الیکشن میں جو ہوا، اس کا نتیجہ جلد سامنے آ جائے گا، الیکشن کمیشن جائیں گے، ثابت کریں گے کہ بہت بڑا گھپلا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے حلقہ نوشہرہ پی کے 63 میں دھاندلی سے الیکشن جیتا گیا، ہمیں دھاندلی کے ثبوت مل گئے ہیں۔

پرویز خٹک نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے 6 ہزار جعلی ووٹ ڈالے، ان ووٹوں کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے، تمام لسٹیں چیک کیں، ووٹوں کی چوری کی گئی، 2 روز میں لسٹیں چیک کیں تو ان کی چوری پکڑی گئی، تمام ثبوتوں کو عوام کے سامنے رکھا جائے گا، مجھ سے کوئی نہیں جیت سکتا۔
 

Advertisement