اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ میں بزدل نہیں، مقابلہ کرنا جانتا ہوں، مخالفین کے ہتھکنڈوں سے گھبراؤں گا نہیں، ڈر اور کسی خوف میں حکومت نہیں کرسکتا۔
وزیراعظم عمران خان کا اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اقتدار کی خاطر خاموش ہو کر نہیں بیٹھوں گا، پہلے ہی پتہ تھا سینیٹ الیکشن میں پیسہ چلے گا، عہدے کیلئے اپنا مقصد نہیں بدل سکتا، نظام کی تبدیلی میرا مشن ہے، عوامی نمائندوں کو مجھ پر اعتماد نہیں تو کھل کر اظہار کریں، اپوزیشن کی پیسے کی سیاست کو بے نقاب کرتا رہوں گا، یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، شفافیت کیلئے ہر فورم پر جائیں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایک بار پھر صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار نامزد کر دیا۔