لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد مجھ سمیت کسی کی بھی نہیں سن رہے، ڈپٹی کمشنر ہوتے گھر پر ہیں اور جھوٹ بولتے ہیں کہ میٹنگ میں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ریسکیو کا 10 کروڑ روپے کی لاگت سے سٹیشن بننا ہے، فیصل آباد میں سٹیشن کے لیے خط لکھا لیکن کچھ نہیں ہوا۔ ڈپٹی کمشنر کو کال کی گئی تو اپنےگن مین کو ٹیلی فون پکڑا دیا حالانکہ وہ خود گھر پر تھے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا ڈی سی فیصل آباد صوبائی وزیر کی بھی بات نہیں سن رہے، ایک ڈی سی ٹیلی فون پر سپیکر اسمبلی سے ایسی گفتگو کر رہا ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کل ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور ریسکیو انچارج احتشام کو پنجاب اسمبلی بلانے کی رولنگ جاری کر دی۔