اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنماؤں اور حکومتی وزرا نے صادق سنجرانی کو دوبارہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کو اب حقائق اور حکومتی مینڈیٹ کو تسلیم کر لینا چاہیے۔
گورنر پنجاب نے صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کی جیت ہے۔ پی ڈی ایم کو اب حقائق اور حکومتی مینڈیٹ کو تسلیم کر لینا چاہیے۔ ہم جمہوریت اور پارلیمنٹ کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں۔ صادق سنجرانی کو بھرپور سپورٹ کرنے پر اتحادیوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میں صادق سنجرانی کو چیئرمین سینٹ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے احسن طریقے سے ایوان بالا کو چلایا، ان کا دوبارہ بطور چیئرمین سینیٹ انتخاب، اسی امر کا بین ثبوت ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے وزیرِاعظم عمران خان ایک مرتبہ پھر سرخرو ہوئے اور ضمیروں کے سوداگروں کو ہزیمت اٹھانا پڑی۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے معزز سینیٹر صاحبان کا بھی تہہ دل سے ممنون ہوں۔
معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے صادق سنجرانی کے چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر ٹویٹ میں لکھا کہ وَتُعِزُّ مَن تَشَاءُ وَتُذِلُّ مَن تَشَاءُۖ۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے نامزد کردہ امیدوار صادق سنجرانی کا چیئرمین سینیٹ منتخب ہونا عمران خان اور ان کے موقف کی فتح ہے۔ ایوان بالا کے باضمیر سینیٹرز نے پی ڈی ایم کی مفاد پرست، لوٹ مار اور اداروں کے خلاف سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ صادق سنجرانی کی جیت جمہوریت اور شفاف پاکستان کی فتح ہے۔ چیئرمین سینیٹ الیکشن میں پی ڈی ایم کو فاش شکست ہوئی۔ سینیٹرز نے اپنے ضمیر کے مطابق صادق سنجرانی کو منتخب کرکے جمہوری اقدار کو مضبوط کیا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ثابت ہو گیا کہ بالاخر سچائی کی فتح ہوتی اور جھوٹ کو شکست ہوتی ہے۔ صادق سنجرانی نے سینیٹ کی چیئرمین شپ کے دوران قابل قدر جمہوری اقدار قائم کیں۔