لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے چیئر مین سینیٹ الیکشن کے الیکشن میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ہارنے والے امیدوار سیّد یوسف رضا گیلانی کو فتح پر مبارکباد دیدی۔
تفصیلات کے مطابق حکومتی امیدوار صادق سنجرانی ایک بار پھر سینیٹ کے چیئرمین جبکہ مرزا محمد آفریدی ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوگئے جبکہ پی ڈی ایم کے امیدواروں یوسف رضا گیلانی اور مولانا عبدالغفور حیدری کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
نومنتخب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے 98 ووٹ کاسٹ ہوئے جبکہ کوئی ووٹ مسترد نہیں ہوا مرزا محمد آفریدی نے 54 ووٹ حاصل کیے جبکہ عبدالغفور حیدری کو 44 ووٹ ملے۔ اس کے بعد صادق سنجرانی نے مرزا محمد آفریدی سے ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کا حلف لیا۔
یوسف رضا گیلانی صاحب کو جلد یا بدیر، فتح مبارک ہو۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) March 12, 2021
الیکشن کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے لکھا کہ یوسف رضا گیلانی صاحب کو جلد یا بدیر، فتح مبارک ہو۔
اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کی نائب صدرمریم نواز کا کہنا تھا کہ صدارتی آرڈینینس ردی کا ٹکڑا بن گیا تو خفیہ کیمروں والے مستری لے آئے۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدرمریم نوازنے کہا کہ عادی، سند یافتہ ووٹ چور ہر بار ووٹ چوری کا نیا طریقہ ڈھونڈ کر لاتا ہے مگر رنگے ہاتھوں پکڑا جاتا ہے، مگراب حالت اتنی خراب ہوچکی ہے کہ ایجنسیوں سے فون کروا کر، گن پوائنٹ پرووٹ لینے سے بھی بات نہیں بنی اور کیمرے لگا کر اپنے ہی ارکان کی جاسوسی کرنی پڑ گئی۔
مریم نواز نے کہا کہ آئین میں خفیہ ووٹ کا ذکرہے خفیہ کیمروں کا نہیں، سپریم کورٹ سے منہ کی کھائی، آئینی ترمیم میں ناکام رہے، صدارتی آرڈیننس ردی کا ٹکڑابن گیا تو خفیہ کیمروں والے مستری لے آئے۔ ووٹ چورو شرم کرو اور کرسی چھوڑو۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اوراپوزیشن کے ووٹ چوروں کو این آر او دینے سے انکار کے بعد، الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے کندھے پر رکھ کر بندوق چلانے میں ناکامی کے بعد خفیہ کیمروں کے ذریعے آئین کی توہین ایک سنگین جرم ہے، سیلیکٹرز بھی سوچتے ہوں گے کیا مصیبت گلے پڑگئی! نا اُگلے بن رہی ہے نا نگلے بن رہی ہے۔