لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کورونا وائزس کے بڑھنے کے بعد حکومت پنجاب نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کاروباری مراکز شام 6 بجے بند کرانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا وائرس کا مسلسل بڑھتے ہوئے خطرے کے باعث حکومت پنجاب نے عوام کے تحفظ کے لیے بڑے فیصلے کر لیے، سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری کیئر نے کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار میں تبدیلی کر دی ہے۔
پرائمری اینڈ سکینڈری کیئر نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے، جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق لاہور میں کاروباری مراکزشام6بجے بند کیے جائیں گے۔ ہفتہ اور اتوار کام کرنے کی ہرگز اجازت نہیں۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ تمام میڈیکل سروسز، فارمیسیز، میڈیکل اسٹورز، لیباریٹریز، کلیکشن پوائنٹس 24 گھنٹے اور ہفتے کے 7 دن کھلے رہیں گے، گروسری اسٹورز، جنرل اسٹورز، چکیاں، فروٹ، سبزی کی دکانیں، تندور اور پیٹرول پمپس کو پورا ہفتہ 24 گھنٹے کھلا رہنے کی اجازت ہوگی، فلنگ پلانٹس، ورک شاپس، ٹائر پنکچر، اسپیئر پارٹس اور زرعی مشینری و آلات کی دکانیں بھی 24 گھنٹے کھلی رہیں گی، جب کہ تمام سرکاری و نجی دفاتر 50 فیصد اسٹاف کے ہمراہ کام کرنے کی پالیسی پرکاربند ہوں گے۔
اس سے قبل لاہور میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر مزید 16 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے مراسلہ جاری کر دیا۔
سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے مراسلے میں کہا کہ کینٹ کے 5، داتا گنج بخش ٹاؤن کے 2 علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا۔ اسی طرح نشتر ٹاؤن کے 3، سمن آباد کے 4 علاقوں میں لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔ شالیمار ٹاؤن ایک، واہگہ ٹاؤن کے 2 علاقوں میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 46 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 13 ہزار 476 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 2 ہزار 536 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 338 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 83 ہزار 815، سندھ میں 2 لاکھ 60 ہزار 959، خیبر پختونخوا میں 75 ہزار 357، بلوچستان میں 19 ہزار 188، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 960، اسلام آباد میں 47 ہزار 365 جبکہ آزاد کشمیر میں 10 ہزار 892 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 94 لاکھ 45 ہزار 138 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 499 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 69 ہزار 296 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 720 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 46 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 13 ہزار 476 ہوگئی۔ پنجاب میں 5 ہزار 732، سندھ میں 4 ہزار 453، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 147، اسلام آباد میں 522، بلوچستان میں 202، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 317 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔