او آئی سی کا ہر سال 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کیخلاف عالمی دن منانے کا فیصلہ

Published On 15 March,2021 06:17 pm

جدہ: (ویب ڈیسک) اسلاموفوبیا کے خلاف پاکستان کی سفارتی کاوشیں رنگ لے آئی ہیں۔ اب او آئی سی نے ہر سال 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم نے اسلاموفوبیا کیخلاف عالمی دن منانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔ یہ دن ہر سال 15 مارچ کو منانے کی قرارداد پاکستان نے پیش کی تھی۔

اس حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحان روکنے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے بھرپور آواز اٹھائی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 15 مارچ کو عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کیخلاف عالمی دن منانے کے لیے او آئی سی کاوشیں کر رہی ہے۔ او آئی سی کی جانب سے اس کی حمایت مسلمانوں کی ترجمانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی گروپ کے زیر اہتمام 17 مارچ کو نیویارک میں اجلاس ہو گا۔ اسلاموفوبیا کے رجحان سےمنفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ پاکستان نے بین المذاہب ہم آہنگی کی کوششوں کی حمایت کی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 15مارچ کا دن منانے سے غلط فہمیوں کے ازالے میں مدد ملے گی، ہم بین المذاہب اور ثفافتی ہم آہنگی کے لیے پر عزم ہیں۔
 

Advertisement