آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایئر چیف مجاہد انور کی الوداعی ملاقات

Published On 16 March,2021 03:34 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل مجاہد انور خان نے الوداعی ملاقات کی۔ پاک فوج کے سپہ سالار نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تعاون اور آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوران مجاہد انور خان کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل مجاہد انور خان نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں الوداعی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی اور مسلح افواج کے پیشہ وارانہ امور پر بات چیت کی گئی۔ آرمی چیف نے شاندار کیریئر کے دوران ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کی خدمات کو سراہا، بالخصوص آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوران ایئرچیف کی قائدانہ و پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تعاون کی تعریف کی۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کی کوششوں اور قائدانہ صلاحیتوں کے باعث پاک فضائیہ آج کسی بھی دوسری فورس سے پیچھے نہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر ایئر چیف مجاہد انور خان کو پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ انہوں نے جی ایچ کیو میں یادگارشہداء پر پھول بھی چڑھائے۔
 

Advertisement