‘پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، 2011ء سے بند کویت کے ویزے جلد جاری ہونگے’

Published On 17 March,2021 09:01 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستانیوں کیلئے خوشخبری ہے کہ کویت کے ویزے جلد کھلنے والے ہیں، اس بات کا اعلان وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے آج اپنی پریس کانفرنس میں کیا ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 2011ء سے بندش کا شکار کویتی ویزے جلد کھل جائیں گے۔ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ عمران خان حکومت کی جانب سے اس خوشخبری بارے عوام کو میں آگاہ کر رہا ہوں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کویتی حکومت کی جانب سے جس دن ان کے ائیرپورٹس کھولنے کا اعلان کر دیا گیا، ویزوں کی بحالی بھی ٹھیک اسی دن سے شروع ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کویت کے ویزے دوبارہ اوپن ہونے سے وہاں روزگار کے سلسلے میں جانے والے پاکستانیوں کی دیرینہ خواہش پوری ہو جائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور ان کے روزگار کے معاملات کو حل کرنے کیلئے ان کی وزارت کی جانب سے اہم کام کئے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کویت کے وزیر خارجہ جمعرات کو 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے

دوسری جانب کویت کے وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد نصر المحمد الصباح جمعرات کو پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔

سرکاری میڈیا کے مطابق کویتی وزارت خارجہ، وزارت صحت، وزارت داخلہ اور وزارت صنعت وتجارت کے اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک وفد بھی اُن کے ہمراہ ہوگا۔

دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے تفصیلی بات چیت کے علاوہ کویتی وزیر خارجہ دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جومشترکہ مذہب و اقدا ر کے بندھنوں میں بندھے ہیں۔

پاکستان خلیج تعاون کونسل کے ارکان کے درمیان بہتر تعلقات کیلئے کویت کے مثبت کردار کو تسلیم کرتا ہے۔

پاکستان مسلمان ممالک کے درمیان یکجہتی کو مضبوط بنانے کیلئے کویت کی کوششوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

کویتی وزیر خارجہ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور بڑھتے ہوئے تعاون کیلئے مثبت اقدامات کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔