کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 2 ملزم ہلاک، 6 زخمیوں سمیت 7 گرفتار

کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 2 ملزم ہلاک، 6 زخمیوں سمیت 7 گرفتار

بلال کالونی پولیس کا سیکٹر بی فائیو عید گاہ گراونڈ کے قریب مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا جبکہ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے، پولیس نے بتایا ہے کہ ہلاک ملزم چار جنوری کو 18 سالہ نوجوان سعد کو ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کرنے میں ملوث تھا، ہلاک ملزم متعدد بار گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکا ہے۔

موچکو ٹینٹ کالونی کے قریب ایس آئی یو پولیس کا ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، کارروائی جمیل چھانگا گینگ کے بھتہ خوروں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا۔

ادھر فیروز آباد پولیس کا شہید ملت روڈ ہل پارک کے قریب مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔

سچل پولیس کا ڈاکووں سے مقابلہ ہوا، مقابلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، اس دوران ملزم کا ساتھی فرار ہو گیا، عزیز بھٹی پولیس نے ڈالمیاں شانتی نگر کے قریب فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

سائٹ اے پولیس نے میٹروول قبرستان کے قریب مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، ایم اے جناح روڈ جوبلی مارکیٹ کے قریب عیدگاہ پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، ملزم کی فائرنگ سے ایک راہگیر شہری بھی زخمی ہوگیا۔

ہلاک اور گرفتار زخمی ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چھینا ہوا سامان اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں، گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔