لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ 23 مارچ ہماری ملی تاریخ کا عظیم دن ہے، ہم پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔
یوم پاکستان پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے گورنرپنجاب چودھری سرور نے کہا کہ الحمدللہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، ملکی سرحدوں کی حفاظت اور امن کے لیے قربانی دینے والوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، پاکستان کے قیام کی صورت میں عوام کو اپنے حقوق اور مذہبی آزادی ملی ہے، ہم سب نے ملکر اپنے پیارے پاکستان کو مضبوط خوشحال اور پر امن بنانا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو آج مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، عمران خان قائد اور اقبال کے مشن کے مطابق پاکستان کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں، یہ وطن عزیر ہمارے آباؤ اجداد نے جہد مسلسل اور قربانیوں کے بعد حاصل کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا نظریہ صرف ایک ہے، وہ یہ کہ ملک کی ترقی اور اسے آگے لے کر جانا ہے، آج سب عہد کریں ہم انفرادی اور اجتماعی طور پر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔