پاکستان ٹریک پر واپس آ چکا، طاقتورکو قانون کے تابع لایا گیا: وزیراعظم

Published On 23 March,2021 05:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اب تک ہم اپنی زبردست صلاحیتوں سے استفادہ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ پاکستان اپنے ٹریک پر واپس آ چکا ہے، طاقتور کو قانون کی حکمرانی کے تابع لایا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ 15 سو سال قبل ہمارے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ میں پہلی فلاحی ریاست قائم کی، فلاحی ریاست کا مقصد قانون کی حکمرانی ، میرٹ ، جمہوریت اور رواداری پر مبنی معاشرہ تھا۔

عمران خان نے لکھا کہ ریاست مدینہ میں علم کی تلاش کو ایک مقدس فرض بنا دیا گیا تھا، چند دہائیوں میں مسلمان اگلی چند صدیوں کے لئے سب سے بڑی تہذیب بن چکے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب مسلمان رہنماء اصولوں سے دور ہوگئے تو تہذیب کا زوال شروع ہوا۔ آج سے 81 سال پہلے ہمارے قائد نے ہمیں پاکستان کا خواب دیا، ریاست مدینہ کے اصولوں پر مبنی مملکت خداداد کا تصور عظیم شاعر اقبال کا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ریاست مدینہ کی طرح پاکستان کو خوشحال ملک بنانے کا عزم کرتے ہیں: وزیراعظم

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب تک ہم اپنی زبردست صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں، اس کی بنیادی وجہ قائدؒ کے ویژن پر عملدرآمد نہ کرنا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آج پاکستان اپنے ٹریک پر واپس آ چکا ہے، طاقتور کو قانون کی حکمرانی کے تابع لایا گیا، احساس، پناہ گاہوں اورصحت کارڈجیسےمنصوبوں کےذریعے فلاحی ریاست کی جانب پیش قدمی کرتےہوئے آج پاکستان پھر سے حصولِ منزل کےسفر پر چل نکلا ہے۔

 

Advertisement