سانحہ ماڈل ٹاؤن: نئی جے آئی ٹی کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

Published On 24 April,2021 12:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سانحہ ماڈل ٹاون کی دوسری جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ کا فل بنچ 29 اپریل کو سماعت کرے گا۔

7 رکنی فل بنچ کے سربراہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان ہیں۔ پولیس انسپکٹر رضوان قادر اور کانسٹبیل خرم رفیق نے سانحہ ماڈل ٹاون کی دوسری جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور درخواستوں کے ذریعے جے آئی ٹی کی تشکیل کو چیلنج کیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے درخواستوں پر سماعت کے بعد دوسری جے آئی ٹی کی تشکیل پر عمل درآمد روک دیا تھا۔

درخواست گزار پولیس اہلکاروں کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کیلئے پہلے جے آئی ٹی اپنی تحقیقات مکمل کر چکی ہے۔ اس لیے نئے جے آئی ٹی کی تشکیل کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے۔ درخواستوں میں استدعا کی گئی کہ دوسری جے آئی ٹی کی تشکیل کے احکامات کو کالعدم قرار دیا جائے۔
 

Advertisement