کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ نے ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے نجی دفاتر سیل کرنے کی ہدایت کر دی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ کل سے انٹر سٹی ٹرانسپورٹ پر پابندی ہوگی، اگر کسی صوبے سے مسافر گاڑی آ جائے تو واپس نہ جانے دیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء ڈاکٹر عذرا، سعید غنی، ناصر شاہ، کمشنر کراچی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا کہ کچھ نجی دفاتر ایس او پیز اور سٹاف کم کرنے کے فیصلے پر عمل نہیں کر رہے۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ صوبے میں مجموعی طور پر 7 فیصد کوویڈ تشخیص کا تناسب ہے، ایک ہفتے میں کراچی کا 10.75 فیصد، حیدر آباد کا 20 فیصد، سکھر کا 9.48 فیصد اور باقی اضلاع میں 2.79 فیصد رہا۔
اس موقع پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال اچھی نہیں ہے، ہمیں سخت اقدامات کرنا ہونگے، آئی جی، ڈی جی رینجرز، کمشنر ملکر کاروبار کے اوقات کار صبح 6 سے شام 6 بجے یقینی بنائیں، گزشتہ ٹاسک فورس اجلاس کے تمام فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، اگر مکمل لاک ڈاؤن سے بچنا ہے تو ایس او پیز اور حکومت کی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔