لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے کورونا وائرس پھیلنے کے خطرات اور عیدالفطر پر لوگوں کی نقل وحمل کو محدود کرنے کے پیش نظر صوبے بھر میں 8 مئی سے مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ اہم فیصلہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس میں کیا گیا۔ فیصلے کے تحت 8 مئی سے صوبے بھر میں ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ اور سیاحتی مقامات بند رہیں گے۔ شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیک پوائنٹس قائم کئے جائیں گے جن پر پولیس اور رینجرز کے جوان ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے چیف سیکرٹری پنجاب، دیگر اعلیٰ سول اور عسکری حکام کو ہدایت کی کہ کورونا پر قابو پانے کیلئے اگلے 15 سے 20 دن نہایت اہم ہیں، وبا پر قابو پانے کیلئے بھرپور کوششیں کرنا ہونگی۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ عوام عیدالفطر سادگی سے منائیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ عید کے موقع پر زیادہ چھٹیاں دینے کا مقصد لوگوں کی نقل وحمل کو محدود کرنا ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر کی اہمیت سے متعلق شعور اور آگاہی کو بڑھایا جائے گا۔ شہری عید کی چھٹیوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ این سی او سی کی ہدایت کے مطابق چھٹیوں کے دوران پارکس اور سیاحتی مقامات کو مکمل بند رکھا جائے۔