خانیوال: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر سید فخر امام نے کہا ہے کہ کم آمدنی والے شہریوں کے لئے نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام حکومت کا بہت بڑا پروگرام ہے اس سے غریب آدمی کا اپنی چھت کا خواب پورا ہوگا۔
تفصیل کے مطابق خانیوال سمیت صوبہ کے 9 اضلاع کے 10 مقامات پر بیک وقت نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کا آغاز کردیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے بذریعہ ویڈیو لنک پروگرام کا افتتاح کیا۔ پروگرام کے ذریعے کم آمدن والے بے گھر افراد کو ساڑھے تین مرلہ کا رہائشی مکان آسان اقساط پر 14 لاکھ روپے میں فراہم کیا جائیگا۔
وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی سید فخر امام شاہ نے خانیوال میں وزیراعظم کی طرف سے تختی کی نقاب کشائی کی۔
اس منصوبہ کے لئے لاہور موڑ مخدوم پور روڈ پر پروگرام کیلئے 38 کنال 7 4 مرلے رقبہ مختص کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی،ڈی پی او محمد علی وسیم،اراکین صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید خاور علی شاہ ،حامد یار ہراج ، پی ٹی آئی عہدیداران،سرکاری افسران،وکلاء نمائندگان نے تقریب میں کورونا سے بچائو کی ایس او پیز کے تحت شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غریب اور بے گھر افراد اب بہت جلد اپنے گھر کے مالک ہونگے، کم آمدنی والے شہریوں کے لئے نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام حکومت کا بہت بڑا پروگرام ہے اس سے غریب آدمی کا اپنی چھت کا خواب پورا ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کے سلسلہ میں پودا بھی لگایا۔