پابندیاں رنگ لانے لگیں: خیبرپختونخوا میں کورونا مثبت کیسز کی شرح میں کمی آنے لگی

Published On 08 May,2021 10:25 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں کورونا وباء پر قابو پانے کے لیے پابندیاں رنگ لانے لگیں۔ صوبے میں کورونا مثبت کیسز کی شرح میں کمی آنے لگی، مثبت کیسز کی شرح 10 اعشاریہ 6 فیصد پر آگئی۔ پشاور کے تین بڑے ہسپتالوں میں بھی کورونا کے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں کمی ہوگئی۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے مطابق صوبہ بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 10 اعشاریہ 6 فیصد پر آگئی ہے۔ پشاور کے بڑے ہسپتالوں میں بھی زیر علاج مریضوں کی تعداد میں کمی آنے لگی ہے۔ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں 98، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 148 مریض زیرعلاج ہیں۔ لیڈی ریڈنگ میں 460 سے مریضوں کی تعداد کم ہو کر 310 ہوگئی ہے۔

شہریوں نے بھی صوبے میں کورونا مثبت کیسز کی شرح میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے سے وباء سے بچا جاسکتا ہے۔ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 14 دنوں کے دوران بیشتر اضلاع میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 20 فیصد سے کم ہوئی ہے۔
 

Advertisement