اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں اہلیان وطن اور ملت اسلامیہ کو دلی مبارک باد پیش کی ہے۔
وزیراعظم کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا۔ اللہ رب العزت ہمارے روزوں اور عبادات کو اپنی بارگاہ مبارک میں قبول فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ احساس اور دوسروں کا درد ہی انسانی معاشرے کی اصل طاقت اور پہچان ہوتے ہیں اور یہی ریاست مدینہ کا خاصہ تھا جو ہمارا رول ماڈل ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم پورا سال اس جذبے کو ساتھ لے کر چلیں اور معاشرے کو انسان دوست بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ہم اس وقت کورونا وباء کی تیسری لہر سے نبردآزما ہیں۔ موجودہ حالات کے پیش نظر میری پوری قوم سے درخواست ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے ایس او پیز پر مکمل طریقے سے عمل پیرا ہوں۔