اسلام آباد: (دنیا نیوز) توشہ خانہ ریفرنس کیس میں نیب نے احتساب عدالت اسلام آباد سے مریم نواز کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لیے۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اصغر علی نے نواز شریف کی جائیدادوں کی صبطگی کیخلاف مریم نواز سمیت پانچ درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت ایڈووکیٹ قاضی مصباح نے عدالت کو بتایا کہ جائیدادوں کی ملکیت سے متعلق مزید شواہد دینا چاہتے ہیں جس پر نیب پراسکیوٹر نے کہا کہ شواہد تب لیے جاسکتے ہیں جب یہ درخواستیں قابل سماعت قرار دی جائیں گی، ابھی یہ طے نہیں ہوا کہ درخواستیں قابل سماعت بھی ہیں یا نہیں، میاں یوسف عباس سمیت دیگر کی درخواستیں بھی مسترد کی جائیں۔
نیب نے پانچوں درخواستوں پر جواب جمع کرا دیا۔ عدالت نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دیکر جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔ مریم نواز سمیت دیگر درخواست گزاروں نے جائیداد ضبطگی کے فیصلے پر اعتراض دائر کر رکھے ہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو جون تک ملتوی کر دی۔